دیر لوئر: نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف کارروائی، 13 ہزار کی پروفائلنگ مکمل

لوئر دیر : خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکند میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران اب تک 13 ہزار گاڑیوں کی پروفائلنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں تقریباً پانچ لاکھ سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں، جن کی بڑی تعداد کسی بھی قانونی رجسٹریشن یا ٹریکنگ سسٹم سے باہر ہے۔ ضلعی پولیس نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایسی گاڑیوں کے خلاف اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع مالاکنڈ میں موجود 70 ہزار سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیوں میں سے اب تک 13 ہزار گاڑیوں کی تفصیلی پروفائلنگ مکمل کی جا چکی ہے، جس میں ان کے ماڈلز، انجن نمبر، مالک کی معلومات اور استعمال کے مقاصد کو ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ایکسائز ذرائع کے مطابق پروفائلنگ کا مقصد ان گاڑیوں کو قانونی دائرے میں لانا اور ان کے غیر قانونی استعمال کو روکنا ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ بغیر رجسٹریشن کے گاڑیاں بعض اوقات جرائم میں بھی استعمال کی جاتی ہیں، اس لیے ان کی مانیٹرنگ ضروری ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پولیو مہم جاری، بنوں میں تین نئے کیسز رپورٹ

پولیس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں اس کارروائی کو مزید وسعت دی جائے گی، اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Scroll to Top