پشاور : محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے مردان میں حالیہ دو ڈینگی سے مبینہ اموات کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ اقدام سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے تاکہ میڈیا میں گردش کرتی خبروں اور انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس سسٹم کے ڈیٹا کی روشنی میں صورتحال کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
سیکرٹری صحت نے واضح کیا کہ مردان میں ڈینگی اور کووڈ سے متاثرہ مریضوں کی اموات کا ریکارڈ موجود ہے، جس کی بنیاد پر دونوں کیسز کی تحقیقات انتہائی ضروری ہیں۔
ان تحقیقات کی سربراہی فیلڈ ایپیڈیمولوجی ٹریننگ پروگرام کے فرنٹ لائن فیلو کریں گے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مردان نے ذمہ داری سونپی ہے۔
تحقیقات میں مریضوں کی بیماری کی تفصیلی تاریخ، کلینیکل مینجمنٹ کی تصدیق اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ڈینگی کے علاج کے تمام معیاری پروٹوکولز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدالفطر کی متوقع تاریخ سامنے آ گئی
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کی رپورٹ اور سفارشات جلد از جلد ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ کے دفتر میں پیش کی جائیں گی۔
محکمہ صحت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اس معاملے پر فوری توجہ دی جا رہی ہے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔





