مالاکنڈ : جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آپس کی سیاسی لڑائیوں میں مصروف ہے اور عوام کے مسائل سے لاتعلق ہو چکی ہے۔
انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے بجائے سیاسی تنازعات کو ترجیح دینے پر شدید تنقید کی۔
بنوں میں قابل پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل پر خاص زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو جاہل نہیں بلکہ تعلیم یافتہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی تعلیم ہر بچے کے لیے مفت ہونی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے خیبرپختونخوا میں پانچ سے سولہ سال کے تقریباً 50 لاکھ بچوں کی اسکول سے باہر ہونے کی حقیقت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا اس کا ذمہ دار کون ہے؟
یہ بھی پڑھیں : محکمہ صحت نے مردان میں ڈینگی سے مبینہ اموات کی تحقیقات شروع کر دی
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا معیار بہتر بنانا اور ہر بچے کو یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ امیر اور غریب میں فرق ختم ہو سکے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ آپس کی لڑائیوں میں مصروف ہے اور عوام کی مشکلات کا ادراک نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ ایک مربوط تعلیمی نظام، ایک زبان میں تعلیم اور 100 فیصد مفت اسکالر شپ پروگرام کے ذریعے ہر بچے کو تعلیم کا حق دیا جائے گا۔





