پاک افغان تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آ گئی، چمن کے مقام پر پاک افغان سرحد کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ یہ اقدام قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے حالیہ پاک افغان امن معاہدے کے بعد سب سے بڑی عملی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت خالی گاڑیوں اور ٹرکوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم پیدل چلنے والے افراد کو تاحال سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق افغان ڈرائیورز کے لیے پاسپورٹ اور ویزا کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اور اس وقت درجنوں گاڑیاں چمن سرحد عبور کر کے پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سے واپس بھیجے جانے والے افغان مہاجرین کو بھی اسی بارڈر کے ذریعے افغانستان منتقل کیا جا رہا ہے۔
صدر انجمن تاجران چمن، محمد صادق نےنجی ٹی وی چینل( جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اجازت فی الحال عارضی بنیادوں پر دی گئی ہے، تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مستقبل قریب میں یہ سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر بحال کر دی جائیں گی۔
ادھرخبروں کے نیوز ایجنسی( صباح نیوز) کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان اسپین بولدک بارڈر کراسنگ کو بھی دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی نقل و حمل کے لیے اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرحد فی الوقت صرف تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھولی گئی ہے، جب کہ حساس سیکیورٹی معاملات کے باعث عام شہریوں کی پیدل آمد و رفت پر پابندی بدستور برقرار ہے۔





