آج شام دنیا بھر کے فلک بیں افراد ایک دلکش اور نایاب فلکیاتی منظر کے گواہ بنیں گے، کیونکہ سال 2025 کا سب سے بڑا اور روشن ’’سپر مون‘‘ آسمان پر نمودار ہونے جا رہا ہے، جو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق، سپر مون اُس وقت بنتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین فاصلے پر پہنچ جاتا ہے، جس کے باعث وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا سپر مون ہے، جو اپنے حجم اور روشنی کے لحاظ سے غیر معمولی ہوگا۔
ترجمان کے مطابق، آج شام 6 بج کر 19 منٹ پر چاند اپنی روشنی کے عروج پر ہوگا، اور اس وقت وہ زمین سے محض 221,817 میل (تقریباً 356,000 کلومیٹر) کے فاصلے پر ہوگا۔
اس دوران چاند کا حجم تقریباً 9.7 فیصد زیادہ بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا، جو اسے عام دنوں کے چاند سے کہیں زیادہ نمایاں بنا دے گا۔
سپارکو کے مطابق، پاکستان میں چاند طلوع ہونے کے فوراً بعد ہی یہ منظر صاف اور واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ شہری علاقوں میں روشنی کی زیادتی کے باعث یہ نظارہ کم نمایاں ہو سکتا ہے، تاہم دیہی یا کم روشنی والے علاقوں میں یہ نظارہ انتہائی دلکش اور جادوئی محسوس ہوگا۔
ماہرین فلکیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس موقع پر دوربین یا ٹیلی فوٹو کیمرہ استعمال کر کے چاند کے غیر معمولی مناظر کو قید کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا ہے، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون دسمبر 2025 میں دکھائی دے گا۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق، سردیوں کے صاف اور شفاف آسمان کے باعث پاکستان میں آج کا سپر مون سب سے واضح اور روشن منظر پیش کرے گا ایک ایسا لمحہ جو نہ صرف سائنس کے شائقین بلکہ عام ناظرین کے لیے بھی یادگار ثابت ہوگا





