فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہےجہاں کے عوام نہایت محبِ وطن، باصلاحیت اور باحوصلہ ہیں، جو درحقیقت صوبے کا اصل سرمایہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔
شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےکہاکہ بلوچستان میں دیرپا خوشحالی کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدامات عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچستان کے سماجی و معاشی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے سول سوسائٹی کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی رہنمائی کرنا پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ بھارت کی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز، فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج صوبے میں عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہیں تاکہ تشدد کو ہوا دی جا سکے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور بلوچستان کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔
سید عاصم منیرنےکہاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہےتاہم ملکی سرحدی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی براہِ راست یا بالواسطہ کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا تاکہ پاکستانی شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا اختتام سوال و جواب کےتفصیلی سیشن پر ہوا۔





