آصف آفریدی نے 92 سال پرانا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے لیفٹ آرم آف اسپنر آصف آفریدی نے 92 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔

38 سال 299 دن کی عمر میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے آصف آفریدی ٹیسٹ ڈیبیو پر پانچ یا زیادہ وکٹیں لینے والے معمر ترین کرکٹر بن گئے ہیں۔

1933 میں انگلینڈ کے چارلس میریٹ نے 37 سال اور 332 دن کی عمر میں ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، جو اب تک سب سے بڑی عمر میں یہ کارنامہ انجام دینے کا عالمی ریکارڈ تھا۔

آصف آفریدی نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 72 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو کسی بھی پاکستانی بولر کی ڈیبیو میچ میں پانچویں بہترین کارکردگی ہے۔ مجموعی طور پر انہوں نے 79 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

آصف آفریدی پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو پر پانچ یا زائد وکٹیں لینے والے 15ویں کھلاڑی بن گئے ہیں، جبکہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ دوسرے پاکستانی اسپنر ہیں۔

ان کی شاندار کارکردگی نے یہ ثابت کر دیا کہ کھیل میں کامیابی کے لیے عمر نہیں بلکہ جذبہ اور محنت اصل پیمانہ ہوتے ہیں۔

دریں اثنا روالپنڈی ٹیسٹ کے دوران جنوبی افریقی کرکٹر کگیسو ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا جب بلے بازی کے لیے میدان میں اُترے تو اس وقت کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیں گے۔

کگیسو ربادا نے 61 گیندوں پر نہ صرف 71 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقی ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا بلکہ سینوران متھوسوامے کے ساتھ بروقت 98 رنز کی پارٹنر شپ سے پاکستان کے خلاف 71 رنز کی اچھی لیڈ لینے میں بھی مدد فراہم کی۔

کگیسو ربادا نے 71 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والے بیٹرز میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، جس میں ایشز سیریز کے مشہور ایشٹن ایگر کے 98 رنز تاحال سر فہرست ہیں، تاہم کگیسو ربادا نے جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کرکٹ کا 119 سالہ ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔

کگیسو ربادا سے قبل 1906 میں جنوبی افریقہ کے لیے گیاروں نمبر پر بیٹر ’برٹ واگلر‘ نے انگلینڈ کے خلاف 62 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ریکارڈ قائم کیا تھا

Scroll to Top