فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع دنیا کے معروف ترین عجائب گھروں میں شمار ہونے والے لوور میوزیم سے کروڑوں یورو مالیت کے نایاب شاہی زیورات چوری ہو گئے، جسے حکام اور ثقافتی ماہرین نے فرانس کے تاریخی ورثے پر سنگین حملہ قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات اتوار کی صبح انتہائی منظم منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔ چور دریائے سین کے رخ پر واقع میوزیم کی بلند دیوار تک کرین لفٹر کے ذریعے پہنچے اور کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے۔
میوزیم میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے گلیریے دا اپولون کے شیشے توڑ کر محض چند منٹوں میں قیمتی زیورات چرائے اور موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق پوری کارروائی 4 سے 7 منٹ کے درمیان مکمل کی گئی۔ بھاگتے ہوئے ایک نایاب تاج ان کے ہاتھ سے گرا، جو سڑک کنارے جزوی طور پر ٹوٹا ہوا ملا۔
چوری کیے گئے زیورات کی مجموعی مالیت 88 ملین یورو (تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر) بتائی گئی ہے، جن میں نپولین عہد سے منسوب نادر شاہی زیورات شامل ہیں۔
چوری شدہ اشیاء میں کوئن ہورٹنس اور میرئہ امالیا کے سیفائر سیٹ کے تاج، ہار اور بالیاں، امپریس ایوجینی کا شاہی تاج، اور امپریس میری لوئز کا مرلڈ ہار شامل ہیں۔
پیرس کی پبلک پراسیکیوشن نے درجنوں تفتیش کاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم قائم کر دی ہے، جو سی سی ٹی وی فوٹیج، فرار کے راستے، لفٹنگ آلات کے ذرائع، اور ممکنہ معاونین کی نشاندہی پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس واقعے کو فرانسیسی ثقافت اور قومی ورثے پر سنگین حملہ قرار دیا ہے۔





