وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج شام 4 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال سمیت اہم قومی امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کابینہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی سے متعلق کیے گئے فیصلے پر تفصیلی مشاورت کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کابینہ افغانستان کے ساتھ حالیہ سیزفائر معاہدے کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کرے گی۔
اجلاس کے دوران وزیر دفاع افغانستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے اور اس کے ممکنہ اثرات پر بریفنگ دیں گے، جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے حالیہ فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر آج کا کابینہ اجلاس اہم فیصلوں اور نئی پالیسی سمتوں کے تعین کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔





