کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیمیں اور دو اضافی وینیوز شامل کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سنجیدگی سے چھ وینیوز پر میچز کرانے پر غور کر رہا ہے۔
ان کے مطابق ان شاءاللہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 چھ مختلف مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کاعمران خان اسٹیڈیم (سابق ارباب نیاز اسٹیڈیم) تقریباً مکمل ہو چکا ہے تاہم بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے چند آخری مراحل باقی ہیں۔
ان کے بقول پی سی بی چاہتا ہے کہ یہ اسٹیڈیم پی ایس ایل 11 کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہو جائے لیکن اس مقصد کے لیے طویل المدتی لیز معاہدہ ضروری ہے تاکہ بورڈ وہاں مناسب سرمایہ کاری کر سکے۔
سی ای او کے مطابق فیصل آباد کو بھی نئے میزبان شہروں میں شامل کیا جا رہا ہے کیونکہ وہاں پہلے ہی بین الاقوامی میچز شیڈول ہیں۔
لیگ میں توسیع کے حوالے سے سلمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی دو نئی فرنچائزز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل نومبر میں شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئی ٹیموں کے حصول میں نمایاں دلچسپی پائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے سخت مسابقت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی سی بی کا لیگل نوٹس پھاڑ دیا
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھاجبکہ 2018 میں ملتان سلطانز کی شمولیت سے ٹیموں کی تعداد چھ ہو گئی تھی۔ دو مزید فرنچائزز کے اضافے کے بعد لیگ پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہو گی۔





