عوامی نیشنل پارٹی کے رکنِ صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد بھی صوبائی کابینہ کی تشکیل میں تاخیر سیاسی کارکنوں اور عوام کے لیے افسوسناک امر ہے۔
پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے نثار باز خان نے کہا کہ کابینہ نہ بننے کے باعث تمام محکموں کا پیپر ورک رک گیا ہے، عوام کو بنیادی خدمات فراہم نہیں کی جا رہیں اور صوبے کے انتظامی امور عملاً ٹھپ ہو چکے ہیں۔
نثار باز خان نے کہا وزیراعلیٰ تو بن گئے ہیں لیکن کابینہ کی عدم تشکیل پوری قوم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کو مقدم رکھا ہے اور کبھی کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے کے عمل میں اے این پی نے کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کی کیونکہ پارٹی جمہوری تسلسل کی حامی ہے۔
نثار باز خان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر مقتدر قوتیں ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت ختم کر کے اپوزیشن کی حکومت لانا چاہیں تو عوامی نیشنل پارٹی اس کھیل کا حصہ نہیں بنے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست نے وعدے پورے نہیں کیے، ہم بھیک نہیں حق مانگتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما نثار باز خان نے مزید کہا کہ اے این پی کا مؤقف اصولی اور جمہوری ہے ہم نہ ہارس ٹریڈنگ کرتے ہیں اور نہ اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔





