افغان سرحد سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 25 دہشت گرد ہلاک ، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دو دہشت گرد گروپوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 25 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کرم اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران چار خودکش بمباروں سمیت پندرہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ ضلع کرم کے علاقے غاکی میں دوسری کارروائی میں دس دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے تمام دہشت گردوں کا تعلق اُن گروہوں سے تھا جو افغان سرحد پار کر کے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں خوارج کی موجودگی کیخلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان کے ہر انچ کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں خوارج دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے پانچ شہداء کو یاد کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور اُن کے بھارتی سرپرستوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چار خودکش بمبار اور 25 خوارج کو ہلاک کر کے بڑی کامیابی حاصل کی گئی۔

وزیرداخلہ نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور قوم کو سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی تلقین کی۔

صدر اور وزیرداخلہ نے کہا کہ افواجِ پاکستان وطن کی حفاظت میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرے گی۔ا

Scroll to Top