انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
آئی سی سی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، بیٹسمین سعود شکیل اور کامران غلام پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔
شاہین آفریدی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سعود شکیل اور متبادل کھلاڑی کامران غلام پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: میچ فکسنگ کے الزام میں بنگلادیشی خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد
آئی سی سی کے مطابق شاہین آفریدی جان بوجھ کر جنوبی افریقا کے بیٹسمین میتھیو بریٹزکی کے راستے میں آئے اور غیر مناسب انداز سے باڈی کنٹیکٹ کیا اور مخالف ٹیم کے بیٹر سے بحث بھی کی۔
آئی سی سی کے مطابق سعود شکیل اور کامران غلام نے ٹیمبا باووما کے آؤٹ ہونے کے بعد ان کے قریب جا کر غیر مناسب انداز میں سیلیبریٹ کیا، تینوں کرکٹرز کو ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیا گیا 353 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے تین ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔