اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر مالیت کے تیل کی ادائیگی ایک سال کے لیے مؤخر کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان پر 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کو بھی مزید مدت کے لیے بڑھا دیا ہے، جو سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت فراہم کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی 290 ارب روپے کی تیل فنانسنگ سہولت پاکستان کی توانائی درآمدات میں معاون ثابت ہو گی۔
اسٹیٹ بینک میں رکھے سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ذخائر کی مدت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ان میں سے 2 ارب ڈالر دسمبر اور 3 ارب ڈالر جون 2026 میں میچور ہوں گے۔
دستاویزات کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو سعودی سہولت کے تحت تقریباً 85 ارب روپے مالیت کا تیل فراہم کیا گیا۔
سعودی عرب ہر ماہ تقریباً 100 ملین ڈالر کے برابر تیل پاکستان کو فراہم کر رہا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 28.37 ارب روپے بنتے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ٹائم ڈیپازٹس پر سالانہ 4 فیصد سود لاگو ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نیب کا یہ اختیار نہیں کہ وہ میرے خاندان سے متعلق پوچھ گچھ کرے ، ڈاکٹر امجد علی
واضح رہے کہ سعودی عرب گزشتہ کئی برسوں سے ان فنڈز کی تجدید کرتا آ رہا ہے، اور یہ ذخائر جن کی مجموعی مالیت تقریباً ایک ہزار 445 ارب روپے بنتی ہے، پاکستان کو بجٹ سپورٹ کے طور پر فراہم کیے گئے تھے۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی بیرونی مالیاتی توازن کو مستحکم کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام پیدا کرنے کے لیے جاری کیے گئے تھے۔
ان اقدامات سے پاکستان کی معیشت کو فوری مالی معاونت ملے گی اور توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔





