شاہد جان
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِصدارت وزیر اعلی ہاؤس میں پارلیمانی اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکینِ صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینٹ امیدوار خرم ذیشان کے انتخاب کے حوالے سے اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لیا گیا جبکہ کور کمانڈر سے ہونے والی ملاقات کے نتائج پر بھی اراکین کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں کل ہونے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تمام اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو مکمل اختیار دے دیا ،ممبران کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیراعلیٰ کابینہ بنانے میں بااختیار ہے،
اجلاس میں اراکین نے وزیراعلی سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات تک مختصر کابینہ کی تشکیل کی تجویز دی
ذرائع کے مطابق ادھر وزیراعلی نے شبلی فراز کی خالی ہوئی سینیٹ نشست پر انتخاب تک کابینہ کی تشکیل موخر کرنے کا فیصلہ کیا
ذرائع کا کہنا ہے وزیراعلی کو خدشہ ہے کہ انتخابات سے قبل اگر کابینہ بنائی گئی تو بعض اراکین ناراض ہو کر اپنا ووٹ پارٹی کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں،
اور اس صورت میں یہ وزیر اعلیٰ پر عدم اعتماد کے مترادف سمجھا جائے گا اسلئے وزیراعلی نے مختصر کابینہ کی تشکیل بھی شبلی فراز کی خالی ہوئی سینیٹ نشست پر انتخابات تک موخر کر دی





