غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کیلئے مساجد میں اعلانات کرانےکی ہدایت

غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کیلئے مساجد میں اعلانات کرانےکی ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں یہ ہدایت کی گئی کہ صوبے بھر کی مساجد میں اعلانات کے ذریعے غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی میں عوامی تعاون حاصل کیا جائے۔ مزید برآں، ایسے تمام افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا جو افغان باشندوں یا دیگر غیر ملکیوں کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل یا پیٹرول پمپ کرائے پر دیتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے پٹواریوں، نمبرداروں اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں غیر ملکیوں کو کرائے پر دی گئی پراپرٹیز کی مکمل رپورٹ جمع کرائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سے متعلق فیلڈ سروے کرایا جائے گا۔

مزید برآں، وزٹ ویزے پر آکر یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے جدید چہرہ شناس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ خانیوال میں افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے پر 5 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں افغان شہریوں کے لیے 45 ہولڈنگ سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو قیام، طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top