ہم طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،وزیر دفاع

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جنگی معیشت خونریزی پر قائم، پاکستان نے دھمکیوں کو تماشا قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس افغان طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ برادر ممالک کی درخواست پر پاکستان نے امن کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا، تاہم افغان حکام کے زہریلے بیانات طالبان کی بدنیت اور مخاصمانہ سوچ کو ظاہر کرتے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن اگر ضروری ہوا تو تورا بورا کی شکست کے مناظر دوبارہ دہرائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبان حکومت افغانستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان طالبان صرف اپنے ناجائز اقتدار کو قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی جنگی معیشت خونریزی اور تباہی پر قائم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ افغان طالبان اپنی کمزوری کو چھپانے کے لیے جنگی نعرے لگا رہے ہیں، لیکن پاکستان ان کی دھمکیوں کو صرف تماشا سمجھتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہاہے کہ افغان طالبان کے جنگ پسند عناصر نے ہماری برداشت کو غلط سمجھا ہے، اگر وہ لڑنا چاہتے ہیں تو دنیا سب کچھ دیکھے گی۔ وقت بدل چکا ہے اور ہم مزید دھوکہ دہی برداشت نہیں کریں گے۔ افغانستان ہمیشہ سلطنتوں کے کھیل کا میدان رہا ہے، لیکن سلطنتوں کا قبرستان صرف افغان عوام کی تباہی کا نشان ہے۔

Scroll to Top