بانی پی ٹی آئی سے اجازت ملنے کے بعد سہیل آفریدی آج خیبرپختونخوا کابینہ بنائیں گے

خیبرپختونخوا میں آج نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل کا امکان، سہیل آفریدی کا عمران خان سے ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ، کابینہ میں ابتدائی طور پر مختصر ٹیم متوقع

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں آج نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل کا امکان ہے، جس کا فیصلہ بانی تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد حتمی ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں کابینہ مختصر رکھی جائے گی، جس میں مینا خان، شکیل خان، فیصل ترکئی، عاقب اللہ، فخر جہاں اور فضل شکور شامل ہوں گے، جبکہ مزمل اسلم کو مشیرِ خزانہ بنایا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیا اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق تجاویز پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں توسیع کا حتمی فیصلہ عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی منگل کو کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کے لیے راولپنڈی پہنچے، لیکن انہیں جیل کے اندر جانے کی اجازت نہیں ملی۔ اس سے قبل بھی دو بار ملاقات روکنے پر وزیراعلیٰ نے مختصر دھرنا دیا تھا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ اس پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ان کا آئینی اور سیاسی حق ہے اور عمران خان کی رہنمائی کے بغیر کابینہ کے ناموں کا اعلان نہیں کریں گے۔

دوسری جانب، عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خانم نے بتایا کہ عمران خان نے سہیل آفریدی کو کابینہ کی تشکیل میں مکمل اختیار دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ٹیم مختصر اور مؤثر ہو۔ عمران خان نے کسی کے نام تجویز نہیں کیے، بلکہ پارٹی کے اندرونی معاملات میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی ہے، خاص طور پر محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف مقرر نہ کیے جانے پر۔

خیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال اس وقت کشیدگی کا شکار ہے، جہاں کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کی وجہ سے صوبے کے انتظامی امور متاثر ہوئے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

Scroll to Top