یونس خان نے اپنا میڈیا ہاؤس لانچ کردیا

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے اپنا میڈیا ہاؤس قائم کرلیا ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں سے وابستہ باصلاحیت افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے۔

یونس خان نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں مداحوں سے کہا ہے کہ وہ ان کے آفیشل اکاؤنٹس کو فالو کریں تاکہ وہ تازہ ترین سرگرمیوں اور منصوبوں سے باخبر رہ سکیں۔

سابق کپتان راشد لطیف نے بھی پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابق ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں تصدیق کی کہ یونس خان نے باضابطہ طور پر اپنا میڈیا ہاؤس لانچ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نیا ادارہ جلد ہی کھیل، فن، ثقافت اور دیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات کو ایک ساتھ لائے گا۔

راشد لطیف کے مطابق، یونس خان کا نیا پلیٹ فارم خصوصی تقریبات، متاثر کن کہانیوں اور دل چسپ انٹرویوز کے ذریعے عوام کو مثبت اور معیاری مواد فراہم کرے گا۔

یونس خان نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی کہ مداحوں کی حوصلہ افزائی اور تعاون اس نئے سفر کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ہاتھ نہیں ملا رہے لیکن آپ میچ جیتے اور انکے آگے ہاتھ بڑھائیں، یونس خان

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر بردباری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہ ملائیں، تب بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو اخلاقی برتری دکھاتے ہوئے آگے بڑھ کر ہاتھ ملانا چاہیے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے کھلاڑی اپنی حکومت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، لیکن کرکٹ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا’’سیاست اور کھیل کو الگ ہونا چاہیے، اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہ ملائیں تو آپ میچ جیت کر ان کے آگے ہاتھ بڑھائیں۔ یہی اصل جیت ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے آتے ہیں تو یہ نہ صرف کرکٹ کے لیے یادگار لمحہ ہوگا بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہو سکتا ہے۔

یونس خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں کرکٹ فینز کا کہنا ہے کہ یہی وہ رویہ ہے جو کرکٹ کو محض ایک کھیل سے بڑھ کر ایک انسان دوست سرگرمی بناتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ایشیا کپ میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ زیر بحث رہا ہے، جس پر یونس خان نے اعلیٰ ظرفی اور کرکٹ کی اصل روح کو اجاگر کرنے والا بیان دیا ہے۔

Scroll to Top