پی ٹی آئی کمیٹی کا مطالبہ: قا ئدِ ایوان اور اپوزیشن کے نوٹیفکیشن فوری جاری کیے جائیں

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس کل 29 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوا، جس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی نے علی امین گنڈاپور کی خدمات کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جناب محمد سہیل آفریدی اور ان کی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی نے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی اور سینیٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی سنی۔

کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ حزبِ اختلاف کے 22 سینیٹ اراکین کے دستخطوں سے جمع کرایا گیا خط، جس میں قائدِ ایوان کے لیے علامہ راجہ ناصر عباس کو نامزد کیا گیا ہے، پر سیکریٹری سینیٹ اور چیئرمین سینیٹ فوری نوٹیفکیشن جاری کریں۔

اسی طرح 74 قومی اسمبلی اراکین کے دستخطوں سے جمع کرایا گیا خط، جس میں قائدِ حزبِ اختلاف کے لیے محمود خان اچکزئی کو نامزد کیا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی بھیجا جا چکا ہے۔

کمیٹی نے تاکید کی کہ اسمبلی کے رول 39 کے مطابق اپوزیشن بینچز پر اکثریت رکھنے والے اراکین کے لیے یہ نوٹیفکیشن بھی فوراً جاری کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کی کارکردگی نے مذاکرات کو ناکام بنایا، عطاتارڑ

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چیئرمین عمران خان پر توشہ خانہ دوم کیس کی سماعت آج ہونی تھی، لیکن اسے ایک ماہ کے لیے ملتوی کر کے آئندہ سماعت 27 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ان کی اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقات ہر صورت ممکن بنائی جائے اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات بھی کرائی جائے۔

آخر میں سیاسی کمیٹی نے کرم میں سیکیورٹی فورسز کے 6 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے لیے تعزیت اور دعا کی۔

Scroll to Top