خیبرپختونخوا میں زہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف محکمہ ٹرانسپورٹ کا کریک ڈاؤن

پشاور: محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں زہریلا اور ماحول دشمن دھواں خارج کرنے والی بسوں اور گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

یہ کارروائیاں سیکرٹری اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی خصوصی ہدایات پر جاری ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صوبے بھر میں 7453 گاڑیوں کے دھوئیں کا معائنہ کیا گیا۔

ان میں سے 4352 گاڑیاں معیار پر پوری اتریں، جبکہ 3301 گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چالان کیا گیا اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ویہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ اسٹیشن (ویٹس) سے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں۔

ترجمان کے مطابق ویٹس پشاور اور موٹر وہیکل ایگزامینر (ایم وی ای) کی مشترکہ ٹیموں نے ضلع پشاور میں نجی اسکول بسوں کے خلاف بھی خصوصی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

ویٹس کی موبائل لیبارٹری کے ذریعے بسوں کے دھوئیں کی جانچ کی جا رہی ہے، جب کہ موٹر وہیکل ایگزامینر ٹیم بسوں کے ٹائر، سیٹیں، باڈی اور دیگر فٹنس معیارات کا تفصیلی معائنہ کرتی ہے۔

ویٹس حکام کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے دوران ورسک روڈ، دلہ زاک روڈ اور گردونواح کے علاقوں میں نجی اسکول بسوں کی چیکنگ کی گئی۔

اس دوران 40 بسوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے صرف 5 بسوں کا دھواں بین الاقوامی معیار کے مطابق پایا گیا، جب کہ باقی بسوں کے مالکان کو فوری طور پر فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

حکام کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کو شہریوں کی جانب سے نجی اسکول بسوں کے مضر دھوئیں سے متعلق شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر یہ خصوصی مہم شروع کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب نے عمرہ ویزا کی پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کردیا

پہلے مرحلے میں ورسک اور دلہ زاک روڈ کے اسکولوں کی بسوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے، جب کہ اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر نجی اسکولوں کی گاڑیوں کی چیکنگ بھی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ جو اسکول اس مہم میں تعاون نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ادارے کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہمات بھی جاری ہیں تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

محکمہ کے مطابق رواں سال دھند پر قابو پانے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے بھی جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top