کالعدم جماعت کے سابق ٹکٹ ہولڈرز کا پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان

ملتان :کالعدم تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے جنوبی پنجاب کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں جماعت سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کالعدم ٹی ایل پی سے الگ ہورہے ہیں، یہ فیصلہ کسی دباؤ کے باعث نہیں بلکہ شہداء کے خون کے احترام اور ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

مقررین نے واضح کیا کہ وہ ریاست اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاک افواج کے ردِ عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر ضرورت پیش آئی تو وہ سرحدوں پر افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی طرف سے دی گئی احتجاجی کال غیر مناسب تھی اور بیرونی خطرات کے باوجود اس قسم کے احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں جدید اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا آغاز، پاور ڈویژن کا شفاف بلنگ نظام متعارف کرانے کا اعلان

انہوں نے تشدد اور جتھے بازی والی سیاست کو ملکی حالات کے لیے خطرہ قرار دیا اور اسی بنیاد پر جماعت کو چھوڑنے کا اعلان کیا۔

ایک سابق ٹکٹ ہولڈر نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اور پُرتشدد سیاست کو دیکھتے ہوئے جنوبی پنجاب کے تمام سابق امیدواروں نے کالعدم تحریکِ لبیک پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

انہوں نے کہا کہ جب دنیا، خصوصاً فلسطین، امن کی جانب بڑھ رہی ہے تو پاکستان میں احتجاج اور تشدد کی سیاست کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

سابق ٹکٹ ہولڈرز کا کہنا تھا کہ ریاست سب سے مقدم ہےاور اس کی مضبوطی ہی قوم کی بقا کی ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے سعودی عرب بھیجا جائے گا،وزیراعظم شہبازشریف

Scroll to Top