ملک بھر میں جدید اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کا آغاز، پاور ڈویژن کا شفاف بلنگ نظام متعارف کرانے کا اعلان

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے ملک بھر میں اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات پروگرام کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ منصوبے کا مقصد بلنگ کے نظام میں شفافیت، درستگی اور صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں جدید اسمارٹ میٹرز کی بڑے پیمانے پر تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ مالی سال 2025-26 کو ’’کسٹمر سروس امپروومنٹ کا سال‘‘ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں بجلی کے تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ صارفین ہیں جن میں سے 80 فیصد سنگل فیز صارفین پر مشتمل ہیں۔ ان صارفین کو مرحلہ وار جدید اسمارٹ میٹرز فراہم کیے جائیں گے جن کی قیمت بیس ہزار سے کم کر کے پندرہ ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

ترجمان کے مطابق شفاف اور مسابقتی خریداری کے عمل سے سالانہ تقریباً 25 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ اسمارٹ میٹرز کی بدولت انسانی مداخلت میں کمی آئے گی، بلنگ میں درستگی یقینی بنے گی اور صارفین کا اعتماد بحال ہوگا۔

مزید بتایا گیا کہ اسمارٹ میٹرز کے ذریعے صارفین موبائل ایپ پر اپنے بجلی کے استعمال کی ریئل ٹائم نگرانی کر سکیں گے۔ یہ نظام بجلی کے مؤثر استعمال، لاگت میں کمی اور شکایات کے ازالے کے عمل کو تیز بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت تنہائی کا شکار، نیازی لاء کی بات اب نہیں چلے گی، خواجہ آصف

پاور ڈویژن کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کے نیٹ ورک کی ریموٹ مانیٹرنگ اور فالٹ کی فوری نشاندہی ممکن ہو گی۔

ترجمان نے کہا ہےکہ اسمارٹ میٹرنگ اصلاحات پاور سیکٹر کی ڈیجیٹل تبدیلی کی سمت ایک بڑا قدم ہیں، جن سے شفاف، محفوظ اور جدید بجلی خدمات کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

Scroll to Top