لاہور: پاکستان کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دوسرے ٹی 20 میچ میں جب بابر اعظم بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے تو ان کے 129 میچز کی 122 اننگز میں 4223 رنز تھے۔ انہیں بھارتی کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے، جو انہوں نے باآسانی مکمل کر لیے۔
بابر اعظم نے 4232 رنز کے ساتھ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کے تاریخ ساز بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ روہت شرما نے 4231 رنز 159 میچز میں بنائے تھے۔ بابر نے یہ کارنامہ محض 130 میچز اور 122 اننگز میں 39.46 کی شاندار اوسط سے سرانجام دیا۔
اب تک بابر اعظم اپنے ٹی 20 کیریئر میں 3 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم، جو ماضی میں اپنی شاندار بیٹنگ سے پاکستان کو کئی یادگار فتوحات دلا چکے ہیں، حالیہ دنوں میں فارم میں تسلسل نہ ہونے کے باعث تنقید کی زد میں ہیں۔ تاہم ان کی کارکردگی کے اعداد و شمار یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ اب بھی دنیا کے صفِ اول کے بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور عالمی سطح پر ریکارڈز پر ریکارڈ بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم کا مداح سٹار بلے باز سے ملنے کی خواہش میں ڈریسنگ روم پہنچ گیا
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے ایک پرجوش مداح نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کی خواہش میں تمام حدیں پار کر دیں، نوجوان بغیر اجازت قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم تک جا پہنچا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر صارفین مختلف انداز میں تبصرہ کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان مداح بابر اعظم کے قریب جانے کی کوشش کرتا ہے، تاہم اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمان فوری طور پر اُسے پیچھے ہٹنے کو کہتے ہیں۔
اسی دوران سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آتے ہیں اور نوجوان کو ڈریسنگ روم سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔
یہ واقعہ جہاں ایک طرف مداح کے خلوص اور جنون کی مثال بنا، وہیں سیکیورٹی پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی پر بھی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔





