لاہور: پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔ تین میچوں پر مشتمل سیریز اب 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 19.2 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف صرف 13.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اوپنر صائم ایوب نے 38 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے دوران بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ کوربن بوش کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے ٹک نہ سکے۔ ڈیولڈ بریوس 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کپتان ڈونوون فریرا نے 15 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بابر اعظم ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سلمان مرزا نے 14 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے دو اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ اب دونوں ٹیموں کے درمیان لاہور میں ہی کھیلا جائے گا، جس میں سیریز جیتنے کے لیے سخت مقابلے کی توقع ہے۔





