پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس 3 نومبر کو دوپہر 12 بجے صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوگا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری مراسلے کے مطابق اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ داخلہ، پولیس اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور حالیہ چیلنجز پر بریفنگ دیں گے۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اجلاس میں شرکت کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بھی مدعو کیا ہے، جنہوں نے دعوت قبول کرتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وہ صوبے میں امن و امان اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اسمبلی اور حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ اجلاس صوبے میں حالیہ سیکیورٹی واقعات اور انسدادِ دہشت گردی کی حکمتِ عملی پر مشاورت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سینیٹر ایمل ولی خان سے رابطہ،آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر سینیٹر ایمل ولی خان کو اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے وزیراعلیٰ کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ گذشتہ روز سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی بابرسلیم سواتی کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی اسمبلی کی سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
اجلاس میں وزیراعلی سہیل آفریدی اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹرعبادللہ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی تھی۔





