محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان اور بہاولپور میں فضائی آلودگی اور سموگ کے بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور قدرے سرد رہے گا، جبکہ جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سموگ کے باعث فضائی معیار متاثر رہا۔





