پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا امن و امان کے حوالے سے مجوزہ امن جرگہ پر مشاورت

شاہد جان
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) خیبرپختونخوا کا صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور مجوزہ امن جرگہ کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، صوبائی وزراء مینا خان آفریدی، شفیع جان، اور ارکانِ قومی اسمبلی عاطف خان، ڈاکٹر امجد خان، ارباب شیر علی اور عرفان سلیم سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور امن و امان کے امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے امن جرگہ کے انعقاد اور آئندہ کی حکمتِ عملی کے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی۔

یہ فیصلہ کیا گیا کہ امن جرگہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ صوبے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام سیاسی قیادت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کیا جا سکے۔

مزید یہ طے پایا کہ امن جرگہ 12 نومبر کو صبح 11 بجے خیبرپختونخوا اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا، جس میں صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان، صدور اور جنرل سیکریٹریز، صوبے کے سابق وزرائے اعلیٰ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور خیبرپختونخوا بار ایسوسی ایشن کے اکابرین شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ضلع مہمند میں پیرا میڈیکل بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع مہمند میں پیرا میڈیکل عملے کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوانے اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی جو ضلع مہمند میں پیرا میڈیکل عملے کی بھرتیوں کی جانچ کرے گی۔

کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہےجس میں ڈائریکٹر جنرل کھیل تشفین حیدر اور ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ارشاد علی شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات دن کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔

Scroll to Top