حارث رؤف 2 میچز کےلیے معطل،وجہ سامنے آگئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو دو ون ڈے انٹرنیشنل (ODIs) میچز کے لیے معطل کر دیا ہے۔

یہ معطلی ان کے حالیہ ایشیا کپ 2025 کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق حارث رؤف کو 24 ماہ کے اندر چار ڈیمرٹ پوائنٹس حاصل ہونے کے بعد پاکستان کے جنوبی افریقہ کے خلاف 4 اور 6 نومبر کے میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی نے ایشیا کپ 2025 کے دوران ہونے والے کئی میچوں کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ کے فیصلے جاری کیے ہیں۔ یہ سماعتیں ایمیریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ممبران نے کی تھیں اور ان کا تعلق 14، 21 اور 28 ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچوں سے تھا۔

آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف کو پہلے دو ڈیمرٹ پوائنٹس دیے گئے کیونکہ وہ آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جو کھیل کی بدنامی کے زمرے میں آتی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا۔

بعد ازاں ٹورنامنٹ کے فائنل میں 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں رؤف دوبارہ آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس کے نتیجے میں انہیں دو اضافی ڈیمرٹ پوائنٹس دیے گئے۔

آئی سی سی کے مطابق رؤف کے کل ڈیمرٹ پوائنٹس 24 ماہ کے دوران چار ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں دو معطلی پوائنٹس ملے اور کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق وہ معطل قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کرکٹ کے مفادات کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اس موقع پر پاکستان کرکٹ کے مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحرک رہیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس 4 نومبر کو دبئی میں ہو رہا ہے، جس میں پاکستان بھی شرکت کرے گا۔

لاہور میں پی سی بی سکول ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی بھرپور انداز میں کی جائے گی

چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور گراس روٹ سطح پر فٹنس کلچر کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ متوازن خوراک اور جسمانی فٹنس کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی کے لیے لازمی ہیں اور یہی پاکستان کرکٹ کو آگے لے جائے گا۔

اس موقع پر سکول کپ کے فائنل راؤنڈ میں حصہ لینے والی آٹھ ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے ہوئے محسن نقوی نے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی اور انہیں بہترین کھیل دکھانے کی ہدایت دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سکول سطح پر کرکٹ کے فروغ سے مستقبل کے کامیاب کھلاڑی پیدا ہوں گے۔

Scroll to Top