زرعی علاقوں کے لیے خوشخبری: ورسک لیفٹ بینک کینال منصوبہ کامیابی سے مکمل

کاشف الدین سید
پشاور: خیبر پختونخوا میں محکمہ آبپاشی (ورسک کینال ڈویژن) کے تحت ورسک لیفٹ بینک کینال منصوبے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس مرحلے پر 982 ملین روپے لاگت آئی اور یہ 17 کلومیٹر (56,000 فٹ) طویل نہر 8,448 ایکڑ زرعی رقبے کو سیراب کرے گی۔

منصوبے کے ذریعے مچنی، بیئ کور، موسیٰ کور، دروازگئی، دادوخیل، امان ٹبر، حفیظ خیل، اشائ کور اور بیلہ مہمند کے زرعی علاقے پانی کی فراہمی سے مستفید ہوں گے۔

منصوبے کے تحت 8 ایکواڈکٹس، 5.6 کلومیٹر سڑک اور 20 کلورٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جو جدید انجینئرنگ تکنیک کے ساتھ مکمل ہوئے ہیں۔

ان اقدامات سے نہری نقصان میں کمی، پانی کی روانی میں بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صحت مند زندگی کے لیے کافی پینے کا بہترین وقت کون سا ہے؟

علاقے کے عوام نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر صوبائی حکومتِ خیبر پختونخوا اور محکمہ آبپاشی کا شکریہ ادا کیا، اور اسے علاقے کی زرعی و معاشی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔

یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد پانی کے وسائل کا مؤثر استعمال اور زراعت کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔

Scroll to Top