نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے شناختی کارڈ حاصل کرنے کا عمل مزید سادہ اور آسان بنا دیا ہے۔
نادرا نے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے ایک جدید طریقہ متعارف کرایا ہے جس کے تحت شہری اب نادرا دفتر جانے کی بجائے اپنے شناختی کارڈ کی درخواست گھر بیٹھے آن لائن دے سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق، شہری Pak ID ویب سائٹ یا موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس کے بعد ان کا شناختی کارڈ کورئیر سروس کے ذریعے براہِ راست ان کے گھر پر پہنچ جائے گا۔
نادرا نے اس نئی سہولت کے بارے میں کہا ہے کہ اس سے شہری اپنا قیمتی وقت بچا سکیں گے اور قطاروں میں لگنے کی زحمت سے بھی محفوظ رہیں گے۔
مزید معلومات یا درخواست کے لیے شہری نادرا کی ویب سائٹ [www.nadra.gov.pk](http://www.nadra.gov.pk) یا ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ نادرا پاکستان کا وفاقی ادارہ ہے جو وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرتا ہے اور 2000 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد پاکستانی شہریوں کے بائیومیٹرک ڈیٹا کو محفوظ اور جدید ڈیٹا بیس میں ریکارڈ کرنا ہے۔
نادرا کے اہم کاموں میں شناختی کارڈ (CNIC) کا اجرا، بچوں کے لیے ب فارم / CRC جاری کرنا، ویریفکیشن سسٹم کے ذریعے مختلف تصدیقات، اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو NICOP اور POC کارڈ جاری کرنا شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شناختی کارڈ مفت: نادرا نے خوشخبری سنادی
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ بننے والا شناختی کارڈ اب بالکل مفت جاری کیا جائے گا۔
نادرا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق شہری بغیر اسمارٹ چپ والا پہلا شناختی کارڈ کسی بھی نادرا مرکز سے مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کارڈ کے اجرا کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، جبکہ کارڈ 15 دن کے اندر فراہم کیا جائے گا۔





