اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے دورے منسوخ کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ 27 ویں آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے حاصل کیا جا سکے۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے سپیکر لاؤنج میں طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں تحریکِ انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت بڑی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور اتحادی جماعتوں کے چیف وہپس شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے خدو خال پر بریفنگ دی جائے گی اور منظوری کے لیے حکومتی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : نیویارک میئر انتخابات: ارب پتیوں کی مخالفت کے باوجود ممدانی جیت گئے
اسپیکر ایاز صادق اجلاس کے دوران تمام جماعتوں سے ترمیم کی حمایت کی درخواست کریں گے اور الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگر ترمیم پر اتفاق رائے نہ ہو سکا تو حکومت اپنی نمبرز گیم پر انحصار کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے اور اتحادی جماعتوں کے تمام اراکینِ قومی اسمبلی کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت دے دی ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد کو قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے کم از کم 224 اراکین کی حمایت درکار ہے۔





