پاکستان کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے کیونکہ آٹھ پاکستانی جامعات کو QS ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں شامل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (PIEAS) سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور 238ویں نمبر پر رہی۔
اسی شہر کی ایئر یونیورسٹی 328ویں، جبکہ بحریہ یونیورسٹی کراچی نے 416واں مقام حاصل کیا۔
جنوبی پنجاب کی معروف جامعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے 434ویں پوزیشن حاصل کر کے علاقائی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔
دیگر جامعات میں یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پتوکی 607ویں، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ 614ویں، یونیورسٹی آف سوات 761 سے 770 کے درمیان، اور یونیورسٹی آف ساہیوال 951 سے 1000 کے درمیان رینکنگ میں شامل ہیں۔
QS ادارے کے مطابق یہ رینکنگ تعلیمی معیار، تحقیق، بین الاقوامی روابط، فیکلٹی اور طلبہ کے تناسب، تحقیقی مقالوں کی تعداد اور دیگر معیاروں کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری
اس سال ایشیا کی 1500 سے زائد جامعات کو درجہ بندی میں شامل کیا گیا، جس میں ہانگ کانگ یونیورسٹی پہلی، چین کی پیکنگ یونیورسٹی دوسری، اور سنگاپور کی نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن پر رہیں۔
پاکستان کی جامعات کی اس رینکنگ میں شمولیت اعلیٰ تعلیم میں تحقیق، تدریسی معیار اور بین الاقوامی روابط میں ملک کی مسلسل ترقی کی عکاسی کرتی ہے۔





