خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر برفباری جبکہ اپر ہزارہ ڈویژن میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے دن کے وقت بھی سردی میں اضافہ کردیا ہے۔
ایوبیہ، نتھیاگلی اور چھانگلہ گلی سمیت بالائی گلیات میں 2 سے 3 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی برفباری کے باعث بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر برف پڑ رہی ہے اور 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس چکی ہیں۔
دوسری جانب مظفرآباد سے وادی نیلم تک بھی بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میںمزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔





