مینا خان آفریدی کا بڑا ایکشن، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو گھر جانا ہوگا

مینا خان آفریدی کا بڑا ایکشن، کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو گھر جانا ہوگا

خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری بلدیات اسلم ثاقب رضا، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) شاہ فہد، مینجنگ ڈائریکٹر اربن ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹی مختیار احمد سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ بلدیات کے مجموعی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات نے لوکل گورنمنٹ کمیشن خیبرپختونخوا کے ممبران کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کی فعالیت عوامی خدمت کے لیے ضروری ہے۔

مینا خان آفریدی نے اربن اموویبل پراپرٹی ٹیکس کی آمدن محکمہ بلدیات کو نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال سمجھ سے باہر ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو برداشت کی پالیسی اپنائی گئی ہے، اور جو اہلکار اس میں ملوث پایا گیا اُسے گھر جانا ہوگا۔

وزیر بلدیات نے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ریونیو جنریشن پلان اگلے ہفتے تک پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مالی استحکام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے اربن ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔

مزید برآں، مینا خان آفریدی نے جنوبی اضلاع کے مسافروں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ بس ٹرمینل پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ خود محکمہ بلدیات کے تمام ملحقہ اداروں کے امور کا جائزہ لیں گے۔

وزیر بلدیات نے واضح ہدایت دی کہ محکمے کے ملازمین اپنی ذاتی تشہیر کی بجائے حکومتی اقدامات کی برانڈنگ پر توجہ دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کوئی سرکاری ملازم خدمات فراہمی کے دوران ’’ہیرو‘‘ بننے کی کوشش نہ کرے بلکہ عوامی خدمت کو ترجیح دے۔

Scroll to Top