وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے عہدے سنبھالنے کے فوری بعد اہم فیصلہ کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا ہاؤس میں رہائش کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق فیصل کریم کنڈی دو دن قبل ہی خیبرپختونخوا ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں اور انہوں نے گورنر اینیکسی کا معائنہ بھی کیا۔ گزشتہ شب گورنر اینیکسی کی صفائی بھی مکمل کر دی گئی تاکہ ان کی واپسی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور فیصل کریم کنڈی کے درمیان اختلافات کے بعد گورنر کو خیبرپختونخوا ہاؤس چھوڑنا پڑا تھا۔ تاہم علی امین گنڈا پور کے وزارت اعلیٰ کے منصب سے سبکدوش ہوتے ہی گورنر کو واپس آنے کی اجازت مل گئی۔
یہ فیصلہ صوبائی سطح پر خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ گورنر کی واپسی سے خیبرپختونخوا ہاؤس میں انتظامی امور مزید بہتر اور منظم ہوں گے۔





