وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی، 27 ویں ترمیم کی منظوری موخر

مہوش قماس خان

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے طلب کیا گیا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی ملتوی ہونے کی وجہ وزیر اعظم کی مصروفیات ہیں۔ کابینہ اجلاس میں ترمیم کی منظوری دی جانی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ترمیم سے متعلق اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات میں وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ بلدیاتی مسودہ 27 ویں ترمیم میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد متحدہ نے بھی ترمیم کی حمایت کر دی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے ترمیم کے حوالے سے صرف آرٹیکل 243 میں تبدیلی منظور کی ہے اور باقی نکات مسترد کر دیے ہیں۔

آئین میں 27 ویں ترمیم کے معاملے پر سینٹ میں آج اجلاس بھی موخر کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور ایم کیو ایم قیادت آج ستائیس ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کریں گے

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ کی وجہ سے کیا گیا، جو آج دوبارہ منعقد ہوگی۔

سینٹ کا اجلاس ہفتہ کو بھی منعقد کیا جائے گا اور آج معمول کا ایجنڈا زیر غور آئے گا۔

آئینی ترمیم کا معاملہ کل تک موخرکر دیا گیا ہے تاکہ پارٹیوں کے درمیان مشاورت مکمل ہو سکے۔

Scroll to Top