اٹھارویں آئینی ترمیم پر فکرمند نہ ہوں، سب ٹھیک ہے، ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے اٹھارویں ترمیم سے متعلق عوام کو پراعتماد رہنے کی اپیل کی ہے۔

ایمل ولی خان نے اپنے سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم پر کچھ نہیں ہو رہا، پریشان مت ہو، محافظ یہاں موجود ہیں۔

گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی قیادت میں اے این پی کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسلم لیگ ن کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے جس میں جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مرکزی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے مولانا خانزیب شہید کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن کے قیام کی منظوری پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

اے این پی کے وفد میں بلوچستان کے سینئر نائب صدر سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور دیگر اراکین شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ستائیسویں ترمیم میں سیاسی اختلاف، کیا یہ پارلیمنٹ سے منظور ہو پائے گی؟

واضح رہے ستائیسویں آئینی ترمیم پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کے باعث آج اسے سینیٹ میں پیش نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترمیم کو مکمل اتفاق رائے کے بعد ایوان میں پیش کیا جائے گا اور امکان ہے کہ مسودہ پیر یا منگل کے روز سینیٹ میں پیش کیا جائے۔

 ترمیم پیش کرنے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف آج آذربائجان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، اور ان کی وطن واپسی کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی ترمیم ایوان میں پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ترمیم پیش کیے جانے کے روز پارلیمنٹ میں اراکین کے لیے ناشتہ کا خصوصی اہتمام بھی کیا جائے گا۔

Scroll to Top