وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے صرف چار دن کی جنگ میں بھارت کے منہ پر تھپڑ رسید کر کے اپنی جنگی صلاحیت کا لوہا منوایا۔
آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن قومی سلامتی پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس معرکہ حق میں دنیا نے پاکستان کی جنگی صلاحیتیں دیکھیں اور دشمن کے سات جنگی طیارے مار گرائے گئے۔
وزیراعظم نے بھارت کی جارحیت کے دوران ترکی اور آذربائیجان کی بھرپور یکجہتی پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام کی طرف سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکی تینوں برادر ملک ہیں اور ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور تینوں نے متعدد بار اپنی دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے اور معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت بہت اہمیت کی حامل تھی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ آزادی کے لیے جدوجہد، عزم اور حوصلہ ضروری ہے اور آذربائیجان کی بہادر افواج نے بلند حوصلے سے کامیابی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف ایک آئینی عہدہ ہے جس کی مدت پانچ سال ہے، وزیر قانون
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی یوم فتح کی پانچویں تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور آذربائیجان کی حکومت و عوام کو مبارکباد دی۔
ترکیہ صدر نے کہا کہ آذربائیجان کے بہادر سپوتوں نے اپنی سرزمین کا کامیابی سے دفاع کیا اور تینوں ملک ایک خاندان کی مانند ہیں۔
انہوں نے کاراباخ کی فتح کو ناانصافی کے ایک دور کے خاتمے کے طور پر بھی یاد کیا اور امن معاہدے کو آذربائیجان اور آرمینیا کی قیادت کی دانشمندی قرار دیا۔





