قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان فوج کے خلاف مذہبی جذبات اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دے سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرجاری بیان میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔
سہیل آفریدی کا حالیہ بیان فوج کے خلاف مذہبی جذبات اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دے گا۔ جو دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ان کے ترجمان کی وضاحت بھی درست نہیں کیونکہ ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر نہیں دکھایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ… pic.twitter.com/xQlWEcgMYR
— Aftab Khan Sherpao (@AftabSherpao) November 8, 2025
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے ترجمان کی جانب سے جاری وضاحت بھی قابلِ قبول نہیں کیونکہ متعلقہ ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش نہیں کیا گیا۔
آفتاب شیرپاؤ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر زور دیا کہ وہ سیاسی بیانات کے بجائے صوبے کے عوامی مسائل پر توجہ دیں اور اپنے عہدے کے تقاضوں کے مطابق دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم کے کوآرڈینیٹراختیار ولی خان نے بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سہیل آفریدی کا پاک فوج سے متعلق بیان حد درجہ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
اختیار ولی خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب سے پاک فوج کے خلاف پہلے بھی کئی بیانات دیے گئے، مگر سہیل آفریدی کا موجودہ بیان اُن تمام سے زیادہ غلیظ اور نازیبا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اُس پاک فوج پر الزامات لگا رہے ہیں جسے حرمین شریفین کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ وہی فوج ہے جس نے ماضی میں حرمین شریفین کی خدمت کی اور دشمنوں کے حملے ناکام بنائے۔ آپ اُن شہداء کی توہین کر رہے ہیں جو اس وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔
اختیار ولی خان نے مزید کہا کہ سینکڑوں افسران اور ہزاروں جوان وطن کی خاطر قربانیاں دیتے ہیں۔ اُن کے تابوت جب قومی پرچم میں لپٹے گھروں کو واپس آتے ہیں تو اُن کی مائیں اور بہنیں فخر سے کہتی ہیں کہ ایسے بیٹے پھر قربان۔ مگر سہیل آفریدی ان شہداء کے جذبے کو مجروح کر رہے ہیں۔





