ونڈے اور ٹی 20 سہ ملکی سیریز کیلئے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

پاکستان میں ایک اور کرکٹ میلہ سجنے کو ہے، جہاں تین ممالک کی ٹیمیں ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ اس سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم اپنے کپتان چریتھ اسالنکا کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی، جہاں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدیداران نے مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔

سری لنکا کی ٹیم فی الحال تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان میں موجود ہے، جو 11 نومبر سے 15 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق، ون ڈے سیریز کے اختتام پر 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ یہ سیریز راولپنڈی اور لاہور کے کرکٹ میدانوں میں کھیلی جائے گی، جس کا فائنل 29 نومبر کو متوقع ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ سے جہاں کرکٹ شائقین کو دلچسپ اور معیاری کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، وہیں تینوں ممالک کے درمیان کھیل کے تعلقات کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق، سیریز کی تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں اور تمام میدانوں میں سیکیورٹی، پچ اور اسٹیڈیم انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ شائقین بڑی تعداد میں اس سیریز سے لطف اندوز ہوں گے، جو پاکستانی کرکٹ کیلنڈر میں ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگی۔

Scroll to Top