خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کے تبادلے، تقرر اور بھرتیوں پر پابندی ختم، میرٹ پر عمل درآمد کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کے تقرر، تبادلے اور بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی اس وقت وزیراعلیٰ نے کابینہ کی عدم تشکیل کے باعث عائد کی تھی، تاہم کابینہ کی تشکیل کے بعد اب یہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی آسامیوں پر تبادلے متعلقہ انتظامی سیکرٹری، وزیر، مشیر یا معاون خصوصی کی اجازت سے کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بھرتیوں پر بھی پابندی ختم کر دی گئی ہے اور تمام بھرتیاں میرٹ کے اصول کے مطابق کی جائیں گی۔
اس ضمن میں سینیئر پولیس افسر محمد علی گنڈاپور کو گریڈ 20 کے عہدے پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ محمد حسین کو ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹیگیشن خیبر پختونخوا کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ تقرر و تبادلوں اور بھرتیوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔





