سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا ۔
ذرائع کے مطابق فتنہ خوارج کے عناصر نے کیڈٹ کالج وانا کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکہ اور مسلح حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 سے 5 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ آپریشن علاقے میں ابھی بھی جاری ہے۔
کیڈٹ کالج وانا ایک ایسا ادارہ ہے جو مقامی قبائل کی درخواست پر قائم کیا گیا اور یہاں محسود اور وزیر قبائل کے بچے بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
یہ کالج علاقے کے نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے اہم اور اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج ایک بار پھر وہی ظلم دہرانا چاہتے تھے جو 2014 میں آرمی پبلک اسکول کے سانحے میں ہوا، مگر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کی ناپاک کوشش ناکام رہی۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت ممکن نہیں اور ان کا صرف ایک انجام ہے موت۔ خوارج انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا انجام جہنم کی آگ ہے۔





