سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 20 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اور 9 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے 2 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف 2 الگ الگ کارروائیاں کیں۔
بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا اور 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی درہ آدم خیل کے علاقےمیں کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 12 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اب بھی کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو تلاش کرکے ہلاک کیا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پاکستان کی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپیکس کمیٹی سے منظور شدہ حکمتِ عملی ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسداد دہشتگردی کی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاک فوج کے مطابق یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان،سکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا
سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا ۔
ذرائع کے مطابق فتنہ خوارج کے عناصر نے کیڈٹ کالج وانا کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکہ اور مسلح حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 سے 5 دہشتگرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ آپریشن علاقے میں ابھی بھی جاری ہے۔
کیڈٹ کالج وانا ایک ایسا ادارہ ہے جو مقامی قبائل کی درخواست پر قائم کیا گیا اور یہاں محسود اور وزیر قبائل کے بچے بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
یہ کالج علاقے کے نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے اہم اور اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج ایک بار پھر وہی ظلم دہرانا چاہتے تھے جو 2014 میں آرمی پبلک اسکول کے سانحے میں ہوا، مگر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے ان کی ناپاک کوشش ناکام رہی۔





