اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اُن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ انتہائی مخلص اور قابل اعتماد ساتھی اور بھائی عرفان صدیقی کی وفات ان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کا قلم ہمیشہ اصول، حریت اور فکر کی ترجمانی کرتا رہا، اور ان سے محبت اور عقیدت کا رشتہ بہت گہرا تھا، جس کا غم الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی کی وفات ایک عزیز بھائی کے کھو جانے کے مترادف ہے، جن کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے مرحوم کو ایک منفرد لکھاری، عاجز مزاج اور روشن دماغ شخصیت قرار دیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ روز انتقال کر گئے۔
وہ دو ہفتے سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر بھی تھے۔
عرفان صدیقی کا شمار نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا اور وہ پارٹی میں اہم حیثیت رکھتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : عرفان صدیقی کے انتقال پر وزیراعظم کا اظہار افسوس، ملک نے ایک اصول پسند دانشور کھو دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی نے ہمیشہ علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔ وہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور میرے قریبی ساتھی تھے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں عرفان صدیقی کا شمار ہوتا تھا اور ان کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔
وہ شفیق، منکسر المزاج اور بے حد نفیس انسان تھے اور ہر موقع پر مثبت سوچ اور علمی دیانت کے ساتھ رہنمائی کرتے رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال میرے لیے، علمی دنیا کے لیے اور معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔





