راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ محمد رضوان کو اعتماد میں لے کر ہی کپتانی قبول کی، ٹیم سلیکشن کے عمل میں کپتان کو ضرور شامل ہونا چاہیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں پہلی بار کامیابی حاصل کی ہے، کھلاڑیوں کو اپنی غلطیوں کا بخوبی ادراک ہے اور ہم ان پر باہمی طور پر بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی جان بوجھ کر کیچ ڈراپ نہیں کرتا، یہ کھیل کا حصہ ہوتا ہے، تاہم ہماری فیلڈنگ میں گزشتہ کچھ عرصے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
کپتانی کے بارے میں شاہین آفریدی نے بتایا کہ جب پہلی بار کپتان بنا تو بابر اعظم سمیت تمام سینئر کھلاڑیوں سے مشورہ کیا۔
میں نے سب سے پہلے رضوان کو بتایا کہ میں کپتانی سنبھالنے جا رہا ہوں، ان کی رائے پوچھی، اور رضوان نے خود اس ذمہ داری سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔ میں نے ان کی مشاورت سے یہ ذمہ داری قبول کی۔
شاہین کا کہنا تھا کہ وہ صرف سابق کپتانوں سے نہیں بلکہ ہر اُس شخص سے مشورہ لیتے ہیں جس سے سیکھنے کا موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہیے، یہ صرف بابر، رضوان، فخر، صائم یا شاہین کا کام نہیں بلکہ ہر کھلاڑی کی ذمہ داری ہے۔
شاہین آفریدی نے مزید بتایا کہ رضوان 2023 سے اب تک ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی
بلےباز ہیں۔
جو کھلاڑی فارم میں نہ ہو، اسے سپورٹ کرنا کپتان کا فرض ہے، ٹیم کا توازن برقرار رکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔
کپتان نے واضح کیا کہ جنوبی افریقا کے خلاف موجودہ اسکواڈ ہی کھیلے گا، تاہم مستقبل میں دیگر کھلاڑیوں کو بھی مواقع دیے جائیں گے تاکہ بینچ اسٹرینتھ بہتر ہو۔
انہوں نے کہا کہ بڑے ایونٹس سے قبل پاکستان کو اکثر انجریز کا سامنا رہتا ہے، اس لیے تمام کھلاڑیوں کو تیار رکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں دہشتگردوں کی اسلحے تک رسائی علاقائی امن کے لیے براہِ راست خطرہ ہے، پاکستان
شاہین آفریدی نے ٹیم سلیکشن کے عمل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتان کی رائے کے بغیر ٹیم سلیکشن مکمل نہیں ہونی چاہیے، سلیکشن کمیٹی اسکواڈ تیار کرتی ہے مگر کپتان کی شمولیت لازمی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حسن نواز کو عارضی طور پر فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کیا گیا ہے، اس فیصلے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ پلان سے باہر ہیں۔
حسن نواز ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی پوزیشن پر کھیلتے رہیں گے، فی الحال اس نمبر پر دوسرے کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
قومی کپتان نے بابر اعظم کی فارم سے متعلق کہا کہ بابر جلد شاندار انداز میں واپسی کریں گے، وہ فارم اور سینچری دونوں کے ساتھ کم بیک کریں گے۔
شاہین نے آخر میں کہا کہ ٹیم کی فیلڈنگ میں بہتری آ رہی ہے اور کھلاڑی پوری لگن کے ساتھ اپنی کمزوریوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔





