ون ڈے سیریز: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا

راولپنڈی: پروٹیز کو زیر کرنے کے بعد شاہینوں کے سامنے اب آئی لینڈرز کا نیا امتحان ہے، جہاں سری لنکن ٹیم نے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان سنبھال لیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

اس موقع پر سیریز کی چمچماتی ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی۔ ون ڈے میچز کے بعد 17 نومبر سے ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کا آغاز ہوگا جس میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔

قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے گفتگو میں کہا کہ پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محمد رضوان سے مشاورت کے بعد کپتانی قبول کی۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان نے پاکستان کی شاندار مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھا کر حوصلے بلند کیے ہیں۔

دریں اثنا پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ 11 سے 15 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے تینوں میچوں میں علی نقوی میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : محمد رضوان کو اعتماد میں لے کر کپتان بنا، سلیکشن میں کپتان کی رائے ضروری ہے، شاہین آفریدی

پہلے ون ڈے میں الیگزینڈر وارف اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ سائقَت شرف الدولہ تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

دوسرے میچ میں سائقَت شرف الدولہ اور فیصل آفریدی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، الیگزینڈر وارف کو تھرڈ اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

تیسرے اور آخری ون ڈے کے لیے الیگزینڈر وارف اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے، جب کہ سائقَت شرف الدولہ تھرڈ اور فیصل آفریدی فورتھ امپائر ہوں گے۔

Scroll to Top