خیبر پختونخوا امن جرگہ کل، سیاسی جماعتیں شریک، وفاقی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو اعلامیہ ارسال

خیبر پختونخوا امن جرگہ کل، سیاسی جماعتیں شریک، وفاقی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو اعلامیہ ارسال

خیبر پختونخوا امن جرگہ کل، سیاسی جماعتیں شریک، وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو اعلامیہ بھیجا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے حوالے سے کل 12 نومبر کو ہونے والے امن جرگے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ جرگے کا اعلامیہ وفاقی حکومت سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کو بھیجنے اور ایپکس کمیٹی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جرگے میں بڑی سیاسی جماعتوں سمیت تقریباً 20 سے زائد جماعتوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ اے این پی، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ ق سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے، بار کونسل، وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان بھی شرکت کریں گے۔

جرگہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوگا، جس کی میزبانی اسپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بھی جرگے میں شریک ہوں گے۔ جرگے کے لیے 400 افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے اور خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ جرگے کے روز غیر متعلقہ افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی اور جرگے میں شرکت کرنے والوں کو خصوصی پاس جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جرگے میں تقریبا 40 افراد کو تقریر کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ جرگے کے بعد اعلامیہ جاری کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جسے وزیراعلیٰ اور اسپیکر اسمبلی مشترکہ طور پر جاری کریں گے۔ اس اعلامیہ کو وفاقی حکومت سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کو بھجوانے اور ایپکس کمیٹی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مطابق یہ جرگہ صوبے میں امن قائم رکھنے اور ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے، جبکہ سیاسی جماعتوں کی شرکت اس اقدام کو وسیع تر قومی حمایت فراہم کرے گی۔

Scroll to Top