خیبر پختونخوا میں تعلیم کا نیا دور، سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے اے آئی کورسز کا آغاز

خیبر پختونخوا میں تعلیم کا نیا دور، سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے اے آئی کورسز کا آغاز

خیبر پختونخوا میں تعلیم کا نیا باب، سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے اے آئی کورسز متعارف، تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ہدایات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے کورسز متعارف کرانے کی ہدایت دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ اس اقدام کے لیے ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے اور مطلوبہ وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل کی معیشت، تعلیم، صحت اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے، لہٰذا نوجوانوں کو AI کی تعلیم دینا انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ AI کی تعلیم نوجوانوں میں تخلیقی سوچ اور عالمی معیار کی مہارتیں پیدا کرے گی، جو انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے نئی آسامیوں کے قیام کی ہدایت بھی کی۔ ساتھ ہی انہوں نے سرکاری سکولوں میں حاضری اور نتائج کو بہتر بنانے کے لیے اچانک دوروں کی ہدایت دی اور صوبائی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے حکام کو سکولوں کے دورے کر کے جائزہ لینے کا پابند کیا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سرکاری امور کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے ملازمین کو عہدوں سے فارغ کرنے، طلبہ کے لیے فراہم کی جانے والی ٹیکسٹ بکس کی اشاعت سرکاری پرنٹنگ پریس سے کرانے، اور پرنٹنگ و اسٹیشنری کے ٹینڈرز سے متعلق انکوائری کروانے کی بھی ہدایت دی۔

اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے محکمہ سے گرلز گائیڈ فنڈ اور سکاؤٹس فنڈ سے متعلق تفصیلی ڈیٹا طلب کیا اور ان فنڈز کو اسٹریم لائن کرنے کے لیے میکینزم تیار کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے اساتذہ کی پوسٹنگ، ٹرانسفر، لیو انکیشمنٹ، پروموشن سمیت تمام امور کو ڈیجیٹل کرنے اور سکولوں میں فراہم کی جانے والی سکالرشپس کو بھی ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

یہ اقدامات صوبے کے تعلیمی نظام میں اصلاحات اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top