سیکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا کے طلبہ اور سٹاف کو بحفاظت ریکسیوکرلیا

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کےضلع جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا پر خود کش حملہ ناکام بنا دیا ہے تاہم عمارت کے اندر موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

وانا کیڈٹ کالج کے تمام طلبا حملے میں محفوظ رہے اور ریسکیو کیے گئے کیڈٹس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

طلبا نے کہاکہ پاک فوج نے ہماری حفاظت کی اور الحمدللہ تمام طلبا محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا۔

طلبا نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نہیں بہادری سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کیڈٹ کالج وانا میں خود کش حملہ ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھاجبکہ کالج کی عمارت میں موجود 3 دہشتگردوں کو محصور کرکے ان کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن انتہائی احتیاط سے کیا جارہا ہے تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : وانا کیڈٹ کالج واقعہ: ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نےکیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی۔

انہوں نےکہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی مگر سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top